لاہور ، پشاور( خبر ایجنسیاں)سانحہ9مئی میں ملوث ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے مجرموں کی جیل منتقلی کا عمل جاری ہے۔ملٹری کورٹ کی جانب سے 9مئی کیسز میں سزا یافتہ11مجرموں کو سینٹرل جیل لاہور منتقل کر دیا گیا، جیل منتقل ہونے والوں میں محمد عمران محبوب، علی شاہ، جان محمد، ضیا الرحمان، علی افتخار، عبدالہادی، داؤد خان، فہیم حیدر، محمد حاشر، محمد عاشق خان اور محمد بلاول شامل ہیں۔قبل ازیں 25میں سے 12 مجرموں کو کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا گیا تھا اور اب مزید 11کو لاہور سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سانحہ 9مئی میں ملوث 25مجرموں کو سزائیں سنائی تھیں۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہاہے کہ فوجی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسکے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا ۔عمر ایوب نے کہا کہ مجھ پر فیصل آباد اور حسن ابدال میں 5 موٹرسائیکل چوری کے مقدمے ہیں، لیڈر آف دی اپوزیشن کو موٹر سائیکل چور بنا دیا، سوچ رہا ہوں دکان کھول لوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ہمارے قائدین سمیت دیگر اسیران کو رہا کیا جائے، جب تک آئین اور قانون کی بالادستی نہیں ہوگی ملک میں استحکام نہیں آئیگا، باہر کے لوگ یہاں سرمایہ کاری نہیں کررہے ہیں کیونکہ یہاں استحکام نہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سانحہ ڈی چوک پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، 9 مئی واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنی چاہئے، ملٹری کورٹ ملٹری کے کورٹ ہیں، ان کے فیصلے کی مذمت کرتا ہوں اسکے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ عمر ایوب نے مزید کہا کہ شفاف الیکشن ہمارا مطالبہ ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں گے۔