راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) راولپنڈی سے مری ٹورسٹ گلاس ٹرین منصوبے کی فزییبیلٹی سٹڈی کا کام نیسپاک کرے گا۔ نیسپاک کو اختیار ہوگا وہ اپنی مدد کیلئے کسی بھی ملکی یا غیر ملکی کمپنی کی خدمات حاصل کرسکے گا۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی مری ٹورازم گلاس ٹرین کی فزیبیلٹی سٹڈی پر 271اعشاریہ875ملین روپے خرچ ہوں گے۔ پہلے سٹڈی کیلئے30جون2025مقرر کی گئی تھی۔تاہم نیسپاک اب یہ سٹڈی 30 اپریل تک مکمل کرے گا۔ 2015میں راولپنڈی مظفر آباد ریل منصوبہ کے لئے راولپنڈی تا بستال موڑ مری تک ریل لنک کی فزیبیلٹی رپورٹ ایک پاکستانی کمپنی نے آسٹریا کی ایک کمپنی کے ساتھ جوائنٹ ونچر کے تحت تیار کی تھی جس پر 60ملین روپے خرچ ہوئے تھے ۔بستال موڑ سے آگےتقریبا26کلومیٹر مری تک فزیبیلٹی رپورٹ تیار ہونی ہے۔ادھر منصوبے کی فزییبیلٹی سٹڈی کے سلسلے میں اعلی سطح کا مشاورتی سیشن نیسپاک ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہواجس کی صدارت پنجاب کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر نے کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ فزییبیلٹی سٹڈی کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا ہے تاکہ منصوبے کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ ٹورسٹ گلاس ٹرین کا اسلام آباد سے مری تک ریلوے ٹریک تعمیر کیا جائے گا۔