• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کو رہا کیا جائے، خصوصی ایلچی ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک )نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں سابق وزیراعظم عمران خان کو رہا کیا جائے‘ ان پر ویسے ہی الزامات ہیں جیسے ڈونلڈ ٹرمپ پر تھے‘ جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا میں مخالفین نے مقدمات میں اُلجھایا‘ اسی طرح عمران خان کو بھی حکمراں جماعت نے جھوٹے الزامات پر قید رکھا ہے‘ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد وزیرخارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے۔ امریکی نشریاتی ادارےکو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان روایتی سیاست دان نہیں ہیں‘ وہ کامن سینس کی بات کرتے ہیں اور اسی وجہ سے اُن کے ٹرمپ کے ساتھ اچھے تعلقات تھے‘رچرڈ گرینل کا مزیدکہناتھاکہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملکوں سے مختلف انداز میں ڈیل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ پر پاکستان کے حوالے سے معاملات کو آگے بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ جوکام 4 سال میں کرنے میں ناکام رہی وہ آخری 45 دن میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔عمران خان کی رہائی کا مطالبہ بار بار دہرانے کے سوال پر رچرڈ گرینل کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ نے گزشتہ چار برسوں کے دوران جن ممالک کو نظر انداز کیا ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر بہت محتاط انداز میں فوجی عدالتوں سے سنائی جانے والی سزاؤں پر ردِ عمل دے رہے تھے۔ وہ یہ کھل کر کیوں نہیں کہہ دیتے کہ عمران خان کو رہا کرو۔پاکستان کے میزائل پروگرام سے متعلق امریکی تشویش کے سوال پر رچرڈ گرینل کا کہنا تھا کہ آنے والے وزیرِ خارجہ جوہری طاقت رکھنے والے ممالک کے معاملات دیکھیں گے اور پاکستان بھی ان میں شامل ہے۔صباح نیوزکے مطابق رچرڈ گرینل کا کہنا تھاکہ عمران خان پر بھی ٹرمپ کی طرح کرپشن کے جھوٹے الزامات ہیں‘عقل وفہم رکھنے والے غیر روایتی سیاستدان ملک بہتر چلاسکتے ہیں، اسی لئے ہم عمران خان کی رہائی چاہتے ہیں ‘اگر بانی پی ٹی آئی وزیراعظم کا الیکشن لڑنا چاہتے ہیں تو اس کا فیصلہ عوام کو کرنے دیں۔نمائندہ خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان کو ان ممالک کی لسٹ میں شامل کیا جائے جو معاملات کو ٹال رہے ہیں‘پاکستان چار سال سے معاملات کو ٹال رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید