• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم نے پاکستان اور چیئرمین ماؤ نے جدید چین کی بنیاد رکھی، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان اور ماؤ زے تنگ نے جدید چین کی بنیاد رکھی، پاکستان اورچین کے تاریخی تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں،پاکستان اور چین کی آل ویدر سٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، عالمی امن و خوشحالی کےلئے پاکستان او ر چین مل کر کام کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم سے ملاقات اور25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ماؤ زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے ان کے سکلپچرز (مجسموں ) کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ماؤ زے تنگ کی بھتیجی مادام ماؤ شیاؤ چنگ بھی موجود تھیں۔ماسٹر یوآن کے بنائے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کےمجسموں کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد 25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ماؤ زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے کیا گیا ۔وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ماسٹر یوآن کو خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے قائد اعظم اور چیئرمین ماؤ کے شاندار سکلپچرز بنانے پر ماسٹر یوآن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تقریب تاریخی ہے،دونوں رہنماؤں کے مجسمے ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے نئی اسلامی مملکت پاکستان کی بنیاد رکھی،جدید چین کی بنیاد رکھنے میں چیئرمین ماؤ کا کلیدی کردار تھا ،چیئرمین ماؤ زے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات باہمی احترام و اعتماد پر مبنی ہیں، چین اور پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں، ہمار ی تہذیبیں ہزاروں سال پرانی ہیں، رواں سال جون میں اپنے دورہ چین کے دوران شیان میں ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم جانے کا اتفاق ہوا جو کہ انتہائی متاثر کن تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے ۔
اہم خبریں سے مزید