کراچی (اسٹاف رپورٹر) سنچورین ٹیسٹ دوسرے دن ہی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا۔پروٹیز بظاہر ڈرائیونگ سیٹ پر ہیں۔پاکستانی بیٹسمینوں کو کڑی آزمائش کا سامنا ہے، جسے میزبان کی پہلی اننگز کی برتری کو ختم کرنے کیلئے مزید دورنز درکار ہیں ۔ ڈیبیو کرنے والے کوربن بوش کی شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے 9 ویں نمبر پر آکر 81 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مستحکم پوزیشن دلادی ہے۔ یہ پہلے ٹیسٹ کھیلنے والے نویں نمبر کے بیٹر کا بہترین اسکور ہے۔ جمعے کو دن کے اختتام پر پاکستان نے 88 رنز بنائے اور اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ اوپنر صائم ایوب اور کپتان شان مسعود 28،28، کامران غلام چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خراب روشنی کے سبب کھیل مقررہ وقت سے 20 منٹ قبل ختم کرنے کا اعلان ہوا تو اسٹار بیٹر بابر اعظم16 جبکہ سعود شکیل8 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن نے دو اور کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل دوسرے دن جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان کیخلاف 301 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اسے 90 رنز کی برتری ملی۔ پروٹیز کی جانب سے اوپنرایڈن مارکرم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز کی اننگز کھیلی ۔ کپتان ٹیمبا باووما 31 اور ڈیوڈ 30 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، کپتان ٹیمبا باووما اور ایڈین مارکرم نے چوتھی وکٹ پر 70 رنز بنائے۔ پانچویں وکٹ پر مارکرم اور بیڈہنگھم کے درمیان 42 رنز کی شراکت ہوئی، بیڈہنگھم نے 30رنز بنائے، ویرینی اور مارکو یانسین دو، دو اور رابادا 13 رنز بناسکے۔ آخری وکٹ کی شراکت میں بوش اور پیٹرسن نے 47 رنز کا اضافہ کیا۔ خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے 3 ، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عامر جمال نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔