• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کی تنقید کو تعمیری اور مثبت انداز میں دیکھتے ہیں، طلال چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نون لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی تنقید کو تعمیری اور مثبت انداز میں دیکھتے ہیں ،پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی قسم کا دباؤ نہیں بڑھا رہی ہے،سنیئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے سزائیں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔نون لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ سولہ ماہ میں جو مشکل ترین معیشت کے حالات تھے وزیراعظم شہباز شریف نے تمام اتحادیوں کو ایک ایک چیز پر آن بورڈ لیا اور اس حکومت میں بھی پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے اور ہم بلاول بھٹو کی تنقید کو تعمیری اور مثبت انداز میں دیکھتے ہیں اگر وہ ہماری بہتری کے لیے ہے تو اس کو بہتر کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ابھی تک اس حکومت میں جو فیصلے ہوئے ہیں وہ اکٹھے بیٹھ کر کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف ہر معاملے میں بلاول کو سب سے پہلے اعتماد میں لیتے ہیں۔اگر ہم حکومت مل کر بنا سکتے ہیں چھبیسویں ترمیم کرسکتے ہیں تو یہ مسائل تو بہت چھوٹے ہیں یہ یقیناً حل ہوں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی قسم کا دباؤ نہیں بڑھا رہی ہے نون لیگ اور پیپلز پارٹی کا جو معاہد ہوا تھا وہ ان نکات پر اس طریقے سے عمل نہیں کیا جارہا ہے۔وزیراعظم کونسل آف کامن انٹرسٹ کا اجلاس اگلے ہفتے بلائیں تو معاملات ٹیک اپ ہوسکتے ہیں اور پیپلز پارٹی کے خدشات فوری طور پر ایڈریس بھی ہوسکتے ہیں۔جو بھی پانی کا شارٹ فال ہوتا ہے صوبہ سندھ اس میں سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے 1991 کا پانی کا معاہدہ جب سائن کیا گیا تھا جس پر ہمارے شدید تحفظات تھے اس کے باوجود بھی اس معاہدے کے تحت صوبہ سندھ کو پانی نہیں دیا جاتا۔2016 سے سندھ حکومت کی درخواست کونسل آف کامن انٹرسٹ میں پینڈنگ ہے کہ کراچی شہر کو اضافی پانی دینے کی ضرورت ہے لیکن ابھی تک اس درخواست پر کوئی اس طرح کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

اہم خبریں سے مزید