نیویارک (تجزیہ :عظیم ایم میاں) منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حلف برداری اور دیگر تقریبات کے موقع پر پرہجوم دارالخلافہ واشنگٹن میں 20؍ جنوری کو پی ٹی آئی امریکا کے حامی بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور حمایت کے لئے ٹرکوں پر نعرے اور وڈیوز آویزاں کرکے اپنی مہم چلائیں گے۔ ملنے والی تفصیلات کےمطابق پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال، ملکی ادارے خلاف پروپیگنڈا اور دیگر مواد پر مبنی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ شہر میں گشت کرنے کے لئے چند ٹرک کرایہ پرحال کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ امریکا مخالف مہم کے بعد PTI امریکا سے عمران کیلئے اپیلوں میں مصروف ہے۔ یہ ٹرک حلف برداری کی تقریبات کے موقع پر ان شاہراہوں پر گشت کریں گے جہاں ٹریفک کی اجازت ہوگی کیونکہ اس موقع پر عوام کے ہجوم اور شرکت کے لئے وہائٹ ہاؤس اور کیپٹل ہل کے اردگرد بعض گزرگاہوں کو ٹریفک کے لئے بند کردیا جاتا ہے۔ ملنے والی تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی امریکا پاکستان کی حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات پر دباؤ بڑھانے کے لئے پہلے ہی امریکا کے سیاسی حلقوں میں بڑی سرگرمی سے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے لیکن صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے کہیں زیادہ امریکی داخلی مسائل ، معیشت، کانگریس سے تقرریوں کی منظوری، مشرق وسطی کی صورتحال اور خارجہ پالیسی میں تبدیلی کے اہم مسائل پر توجہ درکار ہے۔ پی ٹی آئی کی سر توڑ کوشش اس بات پر مرکوز ہے کہ رچرڈ گرنیل کی طرح بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بارے میں چند مزید بیانات حاصل کئے جاسکیں جس سے پاکستان پردباؤ میں اضافہ ہوسکے ۔