دنیا بھر میں سال نو کا جشن شروع ہوگیا، نیوزی لینڈ میں نئے سال کا آغاز ہونے کے بعد آسٹریلیا میں سالِ نو کا آغاز ہوا۔
سال 2025 کا نیوزی لینڈ سے آغاز ہوا، رات 12 بجتے ہی آکلینڈ کے اسکائی ٹاور سے پھوٹتی روشنیوں نے آسمان جگمگا دیا، آسٹریلیا میں سڈنی ہاربر برج پر شاندار آتش بازی کی گئی، رنگ و نور کی بارش سے سال نو کا استقبال کیا گیا۔
نیوزی لینڈ میں رات 12 بجتے ہی کلینڈر تبدیل ہو گیا اور یکم جنوری 2025ء کے ساتھ ہی فضا میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے ہونے لگے۔
نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں پہلے اور اس کے بعد آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں نیا سال شروع ہوا۔
ہانگ کانگ میں وکٹوریا ہاربر پر رنگا رنگ آتش بازی کی گئی، تائیوان میں تائی پے ٹاور سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، تھائی لینڈ میں بنکاک کے دریا کنارے نئے سال کا جشن منایا گیا۔
چین، جاپان، کوریا میں بھی نئے سال کا آغاز ہوگیا۔
واضح رہے کہ طلوعِ آفتاب اور غروبِ آفتاب کے اوقات میں فرق کی وجہ سے دنیا کے تمام ممالک میں سالِ نو کا آغاز ایک ساتھ نہیں ہوتا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سالِ نو کا استقبال دنیا کے جن حصّوں میں سب سے پہلے اور سب سے آخر میں کیا جاتا ہے وہ انسانی آبادی سے کافی دور ہیں۔
جزیرہ کریتیمتی جسے ’کرسمس جزیرہ‘ بھی کہا جاتا ہے اس سمیت وسطی بحر الکاہل کے 10 زیادہ تر غیر آباد جزیرے سب سے پہلے سالِ نو کا استقبال کرتے ہیں۔
دوسری جانب ہوائی کے جنوب مغرب میں 2 غیر آباد جزیرے جن کا نام ’بیکر آئی لینڈ‘ اور ’ہاؤلینڈ آئی لینڈ‘ ہے، ان دونوں جزیروں میں 2025ء کا استقبال سب سے آخر میں کیا جائے گا۔