اسلام آباد (نیوز ایجنسی) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ فوج اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کی گول میز کانفرنس بلائی جائے، انہوں نے حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کے عمل پر سوال اٹھا یا اور کہا کہ جس حکومت کے پاس جائز مینڈیٹ ہی نہیں ہے اس سے کس بات کے مذاکرات ہورہے ہیں؟، شہباز مشرف دور میں بھی وزیراعظم بننے کیلئے تیار تھے، نواز نے ہمت دکھائی۔ پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے کہا کہ دنیا کے ممالک ہمارے ہاں امن نہیں دیکھنا چاہتے، حکمرانوں کو پاکستان کے حالات کا اندازہ تک نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی معاملات پر افواج اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کی گول میز کانفرنس بلائی جائے۔ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے کہا کہ چین ہمارا دوست ہے، اس کے افغانستان سے اچھے تعلقات ہیں، بیجنگ کو ملا کر پڑوسیوں سے اچھے تعلقات قائم کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پڑوسی ممالک بشمول روس اور بھارت کو ملاکر ایک گول میز کانفرنس بلائی جائے۔