اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ماہ کے اوائل میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کریں گے اور یہ رواں سال کا ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ اعلیٰ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ وزیر اعظم عالمی حکومتی سربراہی اجلاس میں مہمان خصوصی ہوں گے جس کی میزبانی نائب صدر، متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کریں گے۔ پاکستان نے سربراہی اجلاس کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے دی گئی دعوت کو باضابطہ طور پر قبول کر لیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال اسی کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔ امکان ہے کہ وہ اس سال بھی اس میں شرکت کریں گے لیکن نئی دہلی کی جانب سے ابھی تک اس کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔