کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کہتے ہیں کہ ان کے 45 لوگ لاپتہ ہیں لیکن جب ان سے لسٹ مانگی جاتی ہے تو وہ ان کے پاس موجود نہیں ہوتی ہے اسی طرح سے 13اپنے لوگوں کے وہ قتل کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن لسٹ مانگنے پر وہ ان کے پاس موجود نہیں ہوتی ہے، ایف آئی آر یا درخواست ہوگی تو جوڈیشل کمیشن تک نوبت آئے گی، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص نے کہا کہ لاپتہ اور مرنے والوں کی فہرست میں بھیج دیتا ہوں، عمران سے ملاقات کروائیں تو تحریری مطالبات بھی دے دیںگے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ وہ کون لوگ ہیں جو کہہ رہے تھے کہ اسلام آباد میں 278 لوگ مارے گئے ہیں ۔اسی طرح سے وہ کون لوگ ہیں جو 2019ء میں ننکانہ میں دوگروپوں میں ہونے والی فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تصاویر شیئرکرکے ان کو اسلام آباد میں قتل ہونے والے اپنے کارکن قرار دیتے ہیں، اسی طرح کوئی بتائے گا کہ فلسطین کے شہداء کی ایمبولینس کی تصویر شیئر کرکے اسے اسلام آباد میں قتل عام کا نام دیا جاتا ہے۔