کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہیں ان سب کی کوشش یہی ہے کہ کسی قسم کی ناخوشگواری نہ ہو، 6 جنوری کا فیصلہ جو بھی آئے، مذاکرات پر اثر نہیں ہونا چاہئے، جیو نیوز کے رپورٹر حیدر شیرازی نے کہا کہ بشریٰ بی بی سیاسی عمل میں شریک، فیصلوں پر اثر انداز ہورہی ہے، پروگرام میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی میڈیا میں بھارتی کارروائیوں کی بار بار تفصیلات آرہی ہیں، امریکا میں سال کے پہلے دن دو مختلف واقعات میں 15 افراد مارے گئے اور دونوں واقعات میں جو گاڑیاں لوگوں پر چڑھائی گئیں وہ ایک ہی کمپنی کے ذریعے کرائے پر لی گئیں اور جو حملہ آور تھے ان کا تعلق امریکی فوج سے تھا۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ 26 نومبر کے کیسز میں 250 افراد کی ضمانتیں ہوئی ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو اس میں نامزد نہیں تھے، اس لئے میں نہیں سمجھتا کہ جو ضمانتوں کا تعلق ہے وہ اس مذاکرات کے عمل کے ساتھ ہے تاہم جو 6 جنوری کو فیصلہ آنے جارہا ہے اس کو کلیدی اہمیت حاصل ہوگی کیونکہ اگر خدانخواستہ سزا ہوتی ہے تو اس سے مذاکراتی عمل کو ٹھیس پہنچے گی ۔ نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی کا اپنی خبر پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب میں نے26 نومبر سے قبل یہ خبر دی تھی کہ بشریٰ بی بی سیاسی عمل میں شریک ہیں تو پی ٹی آئی قیادت نے اس سے انکار کیا تھا تاہم سب نے ہی دیکھا کہ قافلے کو لیڈ انہوں نے کیا اور ڈی چوک تک پہنچیں ۔ اب جو ہمارے ذرائع بتارہے ہیں اس کے مطابق وہ سیاسی عمل میں صرف شریک ہی نہیں بلکہ فیصلوں پر بھی اثر انداز ہورہی ہیں جس کی وجہ سے پارٹی کی مرکزی قیادت کو تشویش ہے کیونکہ بشریٰ بی بی جو مذاکراتی کمیٹی ہے اس سے بھی ان پٹ لینے کی کوشش کررہی ہے جس پر تشویش ہے کہ آگے چل کر کہیں ایسا نہ ہو کہ مذاکراتی کمیٹی اگر کوئی فیصلہ کرے تو اس کو تسلیم نہ کیا جائے ۔