کراچی( اسٹاف رپورٹر )منگھوپیرکے علاقہ میں ارسلان نامی شہری کو اغوا کر کے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر لوٹنے میں ملوث پولیس اہلکار سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے درج مقدمہ میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت 11 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔اے وی سی سی نے واقعہ میں ملوث پولیس اہلکار سمیت 7 اغواکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل انیل حیدر کے مطابق 25 دسمبر 2024 کو مغوی محمد ارسلان ولد محمد اقبال جوکہ کرپٹوکرنسی کا بزنس کرتا ہے کو نامعلوم اغواکاروں نے تھانہ منگھوپیر کراچی کی حدود سے اغواہ کیا اور مغوی کے Binance کے اکاؤنٹ سے3لاکھ 40ہزار ڈالر(تقریباًساڑھے 9کروڑروپے )تاوان اپنے مختلف اکائونٹس میں ٹرانسفر کیے اور مغوی ارسلان کو تھانہ بریگیڈ کی حدود میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 948/2024 بجرم دفعہ 365A/34 ت پ تھانہ منگھوپیر میں درج ہوا جس کے بعد مقدمہ کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل میں ٹرانسفر ہوئی پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کام کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرکے پولیس اہلکار سمیت7 اغواکاروں کو گرفتار کرلیا ۔ ملزمان میں حارث عرف اشعر ‘محمد رضوان شاہ ‘طارق حسن شاہ عرف عامر ‘مزمل رضا ‘عمر جیلانی ‘عمر اور نعمان رفعت شامل ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی جیل جا چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار پولیس اہلکار کا تعلق سی ٹی ڈی سے ہے تاہم پولیس کی جانب سے باضابطہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔