• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کو قومی لیڈر بننا ہے تو پہلے سندھ کا کچرا صاف کریں، فاروق ستار

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما و رکن مرکزی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو اگر قومی لیڈر بننا ہے تو پہلے سندھ کا کچرا صاف کریں، پچھلے 16 سالوں سے سندھ میں بدترین حکمرانی بد عنوانی اور نااہلی کا سلسلہ جاری ہے، اب تعصب کی انتہا ہو چکی ہے، کوٹہ سسٹم کے بعد تعلیمی بورڈز کے ذریعے شہری نوجوانوں کا معیار تعلیم خراب کیا جا رہا ہے۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ بورڈز کے نتائج کو زبردستی خراب کیا جا رہا ہے جبکہ اندرون سندھ زبردستی نتائج بہتر کیئے جا رہے ہیں تاکہ کراچی کی جامعات میں بھی کراچی والوں کو حصہ نہ ملے، اندرون سندھ 70 فیصد پاس ،کراچی میں 70 فیصد بچے فیل ہیں، وزیراعلیٰ اخلاقاً استعفیٰ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ جو بچے پرائیویٹ اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک بہترین کارکردگی دکھاتے وہ میٹرک اور انٹر میں کیسے فیل ہو رہے ہیں؟ سندھ کے تعلیمی بورڈز کے نااہل افسران کی ملی بھگت سے شہری سندھ کے بچوں کو تعلیم سے دور کیا جارہا ہے۔ کراچی اور لاڑکانہ کے بورڈز میں پرسنٹیج میں واضح فرق آرہا ہے، کراچی کے بچوں کا معیار تعلیم گرانے پر تو وزیر اعلیٰ کو اخلاقاً استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ کل انہوں نے امیر قادری کو ہٹایا تو میٹرک بورڈ کے شرف الدین کو لگا دیا انکے پاس کوئی آدمی میرٹ پر لگانے کیلئے موجود نہیں سارے نظامِ تعلیم میں سیاست کی جارہی ہے۔ پورے پاکستان کا تعلیمی نظام سندھ سے آگے نکل چکا وہ وقت بھی دور نہیں جب بلوچستان بھی سندھ سے آگے ہوگا۔ جامعہ این ای ڈی اور میڈیکل ٹیسٹ کے رزلٹ اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ کراچی کے بچے نا اہل نہیں، کراچی کے انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں 67 فیصد بچوں کو فیل کر دیا گیا۔ اب انکے والدین سے اسکروٹنی اور دوبارہ امتحان کے پیسے لیئے جائیں گے۔ آمدنی کے نئے نئے ذرائع پیدا کیئے جا رہے ہیں، بچوں کو اس لیے فیل کیا جا رہا ہے کہ وہ دوبارہ فیسیں دیں۔ اندرون سندھ میں 70 فیصد پاس جبکہ کراچی میں 70فیصد بچے فیل ہیں۔ پرائیویٹ اسکولوں کی وجہ سے ہماری خواندگی بہتر ہے۔ کراچی والے بھی اب اپنی رجسٹریشن لاڑکانہ اور سکھر سے کرائیں یا ضیا الدین بورڈ سے کرائیں؟ میرٹ کا قتل کر کے اندرون سندھ کے بچوں کو شہری سندھ کی جامعات میں داخلے دیئے جا رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید