کراچی(اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا نے ٹیسٹ کرکٹ پر اپنی حکمرانی برقرار رکھی۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں پہنچنے والے پروٹیز پاکستان کو چاروں خانے چت کردیا۔ شان مسعود اور بابر اعظم کی محنت رائیگاں گئی،جنوبی افریقا نے پیر کو میچ کے چوتھے دن دوسرا ٹیسٹ با آسانی دس وکٹ سے جیت کر سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا۔ میزبان نے58رنز کا ہدف7اوورز میں پورا کر لیا۔ ڈیوڈ بیڈنگھم نے30گیندوں دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے44اور ایڈن مارکرم 13گیندوں پر14رنز بنائے۔ جنوبی افریقا نے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے بعد مسلسل تیسری سیریز اور لگاتار ساتواں ٹیسٹ جیتا ۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی میزبان ٹیم کے نام رہی جبکہ ون ڈے سیریز میں پاکستان نے تین صفر سے وائٹ واش کیا۔ ریان رکلٹن 259رنز بناکر میچ جبکہ دس وکٹیں لینے والے مارکو یانسن سیریز کے بہترین پلیئر قرار پائے۔ سنچورین ٹیسٹ پاکستان قریب آکر دو وکٹ سے ہار گیا تھا۔ کیپ ٹاؤن میں نسبتاً آسان پچ پر پاکستانی بولنگ اور پھر بیٹنگ لائن پہلی اننگز میں بری طرح ناکام رہی۔ دوسری اننگز میں بیٹرز نے مزاحمت کی تاہم چوتھے دن چائے کے وقفے کے بعد ٹیم 478 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ شان مسعود نے 145 رنز بناکر بولروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے251 گیندوں کا سامنا کیا اور371منٹ کریز پر رہے اور 17چوکے لگائے۔ اس سے قبل پاکستانی بیٹر کا جنوبی افریقا میں ہائی اسکور انضمام الحق کا 92 رنز ناٹ آؤٹ تھا جو انہوں نے 2007 میں بنایا تھا ۔208رنز کے اوپننگ اسٹینڈ کے بعد سلمان آغا اور محمد رضوان کے درمیان88رنز کی شراکت بنی۔ پیر کو شان مسعود اور خرم شہزاد نے 213 رنز ایک وکٹ کے نقصان کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا، 235 کے مجموعی اسکور پر خرم شہزاد 18رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کامران غلام چار چوکوں کی مدد سے28رنز بناکر ربادا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ سعود شکیل نے51گیندوں پر23رنز کی اننگز کھیلی۔ سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے وکٹ پر وقت گذارا لیکن دونوں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ دونوں اسپنر مہاراج کا شکار بنے۔ سلمان علی آغا 95گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے48اور محمد رضوان 75گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 41، عامر جمال 7چوکوں کی مدد سے34، میر حمزہ 16رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ربادا نے 115 اور کیشو مہاراج نے 137 رنز کے عوض تین، تین وکٹ حاصل کئے۔