لاہور (رپورٹ:عیشہ آصف) ماہرین نے کہا ہے کہ ووکیشنل ٹریننگ نوجوانوں کیلئے آگے بڑھنے کا بہترین ہتھیار ہے،روزگار کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ فنی ترقی کی اہمیت کا خلاصہ بڑی حد تک نظریاتی علم بمقابلہ عملی مہارت کے درمیان فرق کے طور پر کیا جا سکتا ہے۔ غیر فنی مطالعات میں طلباء اکثر اپنے وقت کے کئی گھنٹے مختلف مضامین کی تلاش میں صرف کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارمیر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی(جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) اور رفاہ ایکسل ٹیکس انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام خصوصی سیمینار بعنوان ’’ووکیشنل ٹریننگ کی اہمیت اور بیرون ملک ملازمتوں کے مواقع‘‘ میں کیا۔ جس کی صدارت گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کی۔ چیف گیسٹ پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت راشدہ لودھی تھیں۔ حرف آغاز و حرف تشکر پروجیکٹ ڈائریکٹر رفاہ ایکسیٹک انسٹیٹیوٹاحمد نعمان انیس نے کیا۔ گیسٹ آف آنز و سپیکرز میں چیئرپرسن چیف منسٹر پنجاب ٹاسک فورس ان سکلز ڈویلپمنٹعدنان افضل چٹھہ ، چانسلر اینڈ مینجنگ ٹرسٹی حسن محمد خان ، ڈائریکٹر جنرل NAVTTC اسلام آبادبریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر شامل تھے۔ میزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی واصف ناگی نے سرانجام دیئے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کی جانب سنگ میل ہے۔ میں سب سے پہلے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور ایکسل ٹیک انسٹی ٹیوٹ کو اس شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جو نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ بین الاقوامی معیار پر بھی نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔