پشاور(نیوز رپورٹر ) پشاور ہائیکورٹ نے صوبے سے لاپتہ افراد کی جانب سے دائر رٹ درخواستوں کی تفصیلات جاری کردی۔ اس حوالے سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران عدالت نے لاپتہ افراد کے 336 کیسز نمٹائے جبکہ اس وقت پشاور ہائیکورٹ میں 58 لاپتہ افراد کے کیسز زیر سماعت ہیں ۔پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے سال 2024 میں 336 لاپتہ افراد کے کیسز نمٹائے، صوبے سے لاپتہ افراد کے 58 میں سے 38 شکایات سکیورٹی ایجنسیز کے خلاف ہیں جبکہ لاپتہ افراد کے 13 شکایات لوکل پولیس کے خلاف درج ہیں۔ان لاپتہ افراد نے 7 شکایات سی ٹی ڈی کے خلاف خلاف درج کئے ہیں، گزشتہ ماہ دسمبر میں پشاور ہائیکورٹ نے 12 لاپتہ افراد کے کیسز نمٹائے۔ رپورٹ کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں اس وقت 58 لاپتہ افراد کے کیسز زیرالتواء ہیں، جس میں سے ہائی کورٹ نے متعلقہ اداروں سے جواب طلب کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کرنے کو یقینی بنانے کے لۓ ایمپلی منٹیشن سیل قائم کیا گیا جو تمام مقدمات میں بروقت جواب جمع کرنے کی نگرانی کرتا ہے۔ واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے حلف لینے کے بعد تمام متعلقہ اداروں پر واضح کیا تھا کہ ان لاپتہ افراد کے کیسز میں بروقت جواب جمع کرنے کو یقینی بنایا جاۓ۔اس ضمن میں پشاور ہائی کورٹ نے سخت موقف اپنایا اور وزیر اعلیٰ کو بھی طلب کیا تھا۔