اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گذشتہ رات پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی سامنے آنے والی ٹوئیٹس کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات معطل ہو چکے، اب یہ مذکرات لاحاصل ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا پی ٹی آئی اعتبار کے قابل نہیں ہے لیکن پھربھی اس کیساتھ مذاکرات جاری رہنے چاہئیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جو پیشکش کیے جانے کی بات کر رہی ہے، قطعی طور پر ایسی کوئی بات اب تک نہیں ہوئی۔وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما تو امریکا کی نئی انتظامیہ سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ جلد آجانا چاہیے، امید ہے کہ یہ جلد آجائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ پر جاری بیان میں عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت اور اداروں پر سخت تنقید کی گئی تھی۔