لندن ( سعید نیازی ) برطانیہ میں شدید سردی کے سبب گیس کی طلب بڑھنے سے گیس کا ذخیرہ ایک ہفتہ سے بھی کم کا رہ گیا ہے۔ یہ انتباہ برٹش گیس کی مالک کمپنی سینٹریکا نے دیا ہے تاہم حکومت نے کہا ہے کہ برطانیہ میں طلب کے مطابق گیس موجود ہے، حکومت کی گیس کے ذخیرے پر نظر ہے، ضرورت پڑی تو گیس کی فراہمی کیلئے تمام ڈرائع استعمال کئے جائیں گے۔ حکومتی ترجمان نے کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو برطانیہ یورپ سے مزید گیس خرید سکتا ہے۔ برطانیہ کو گزشتہ ہفتہ سے غیر معمولی سرد موسم کا سامنا ہے، لوگ گھروں کو گرم رکھنے کیلئے ہیٹنگ کا زیادہ استعمال کر رہے ہیں واضح رہے کہ برطانیہ کے پاس گیس کا ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کم ہے اور اگر یورپ سے گیس خریدنے کی نوبت آئی تو گیس کے صارفین کو زائد قیمت بھی ادا کرنے پڑسکتی ہے۔