کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بھی جرگوں میں فیصلے کرنا شروع کردئے گئے ہیں،اسلحے کے کھلے عام استعمال نے ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے افسران کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیئے ہیں۔،قائد آباد گوشت والی گلی میں دو گروپوں کے درمیان جرگے میں ہونے والے تصادم میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے ، واقعہ کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں بے دریغ فائرنگ سے متعدد افراد سڑک پر زخمی ہو کر گرتے ہوئے دکھائی دیئے ۔ واقعہ کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار و حراست میں لے لیا ۔شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے مطابق قائد آباد کے علاقے میں 2 گروپوں کے درمیان چلنے والی چپقلش پر دونوں جانب سے بات چیت کے لیے جرگہ ہوا تھا جس میں ہونے والی تلخ کلامی کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا واقعہ کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار اور 6سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے 3 افراد کو جناح جبکہ سول اسپتال میں 4 زخمی افراد کو لایا گیا ۔جناح اسپتال میں فائرنگ سے جاں بحق مقتول کی شناخت 45 سالہ ذوالفقار کے نام سے کی گئی جس کے سر پر گولی لگی تل جبکہ جناح اسپتال میں زیر علاج 3 زخمیوں میں 24 سالہ عمار کے ہاتھ پر ، 22 سالہ وجاہت کے ایک گولی ٹانگ پر جبکہ 22 سالہ ساجد کو پشت پر 3 گولیاں لگیں۔ سول اسپتال میں لائے گئے 4 زخمیوں میں سے 45 سالہ اعظم کو پیٹ ، ہاتھ اور ٹانگ پر 4 ، 21 سالہ عاصم کو ایک گولی ٹانگ پر ، 18 سالہ عظمت کو ایک گولی ہاتھ پر جبکہ 47 سالہ ابرار کو ہاتھ پر گولی لگی ہے۔ شاہ لطیف ٹاؤن پولیس اس حوالے سے زخمیوں کے بیانات قلمبند کر رہی ہے جس کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ فائرنگ کے واقعہ کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں ایک تنگ گلی میں لوگوں کا ہجوم دکھائی دیتا ہے جس میں ہونے والی تکرار کے بعد بے دریغ فائرنگ کا سلسلہ ہوتا جاتا ہے جس میں متعدد افراد کو سڑک پر زخمی ہو کر گرتے ہوئے اور بھگدڑ ہوتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے ۔فائرنگ سے جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق دونوں گروپوں سے بتایا جاتا ہے جبکہ دونوں گروپوں کے درمیان بچوں کی لڑائی پر چپقلش چل رہی تھی ۔