پیرس (اے ایف پی) امریکا میں ’’میٹا‘‘ کمپنی کی جانب سے حقائق کی جانچ کے پروگرام ’’فیکٹ چیکنگ‘‘ کو ختم کرنے کے حیران کن فیصلے کے بعد دنیا بھر میں میڈیا ادارے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ اس اقدام سے انٹرنیٹ پر موجود غلط معلومات کی روک تھام کے اقدامات کے مستقبل کے بارے میں تشویش پیدا ہوگئی ہے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ امریکا میں 2000ء کی دہائی کے اوائل میں حقائق کی جانچ (فیکٹ چیکنگ) شروع ہوئی، جو صحافت کی ایک تسلیم شدہ شکل بن گئی۔ انٹرنیٹ کی ترقی کے ساتھ، اس پروگرام نے سیاست دانوں کے جھوٹے بیانات کو چیلنج کرنے کے طریقے کے طور پر زور پکڑا۔ 2007ء میں شروع کی گئی PolitiFact جیسی قابل ذکر کوششیں بھی اسی پروگرام کا حصہ ہیں اور انہیں 2009 میں پلٹزر پرائز جیسے ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔ ٹی وی پر براہِ راست تصحیح اور آن لائن مواد پر درست یا غلط کے طور پر لیبل لگانے جیسے نئے طریقوں کے ساتھ یہ مشق عالمی سطح پر پھیل گئی۔