اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ اور مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں الگ الگ ملاقات کی۔وزیراعظم نے 11-12جنوری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا، اس موقع پر شہباز شریف اور حسین ابراہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ او آئی سی کو غزہ میں جنگ بندی کیلئے عالمی برادری پر دباؤ جاری رکھنا چاہیے۔ وزیراعظم نے حسین ابراہیم طحہٰ سے ملاقات میں او آئی سی کی مشترکہ ترجیحات اور مقاصد کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور اسے مسلم امہ کی اجتماعی آواز کے طور پر مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا اوراقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کیلئے او آئی سی کے اصولی موقف اور مستقل حمایت پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کرنے، فلسطینی عوام کیلئے انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور اسرائیل کے وسیع پیمانے پر جنگی جرائم کے خلاف عالمی احتساب کی ضرورت پر زور دیا۔سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ مسلم دنیا میں لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد مسلم امہ کیلئے اہمیت کے حامل مسائل کے حل کیلئے پاکستان کے قائدانہ کردار کی مثال ہے ، سیکرٹری جنرل نے کشمیری عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں او آئی سی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور وزیراعظم کو اس سلسلے میں او آئی سی کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سے ملاقات میں مسلم ورلڈ لیگ کے مقاصد اور اہداف کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری جنرل نے مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے شاندار انتظامات اور اس سلسلے میں مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ اس کانفرنس کے اختتام پر مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے متفقہ "اسلام آباد ڈیکلریشن" جاری کیا جائیگا جو کہ خواتین کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔وزیر اعظم نے ملاقات میں پاکستان کے سعودیہ عرب کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے خادم الحرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیر اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان آلسعود کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جوزف عون کولبنان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔جمعہ کو ’’ایکس‘‘ پر اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نےلبنان کوامن ، استحکام اور ترقی کی طرف گامزن کرنے میں جوزف عون کی کامیابی کیلئے نیک خواہشا ت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ اپنے تعلقات کوبے حد اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔