پشاور (خصوصی نامہ نگار) انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ کے زیرِ اہتمام خیبر پختونخوا انڈر 19 کرکٹ لیگ پشاور میں شروع ہوگئی جس کا افتتاح پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر علی نے کیا، سیکرٹری حنیف شاہ، آرگنائزر ذوالفقار، شکیل، فخر عالم اور حلیم خان بھی موجود تھے۔ افتتاحی میچ میں سٹوڈنٹس کرکٹ کلب نے ہشتنگر کرکٹ کلب کو سات وکٹوں سے ہرایا۔ ہشتنگر کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 162 رنز بنائے۔ حمزہ 90، افضل 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں سٹوڈنٹس کلب نے مطلوبہ ہدف تین وکٹون کے نقصان پر پورا کیا۔ محمد نعمان 86، زید 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لیگ میں صوبہ بھر سے 40 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے آٹھ کھلاڑی بھی مختلف ٹیموں کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر علی نے کہا کہ صوبے کی سطح پر اس طرح کے بڑے ایونٹ کا انعقاد قابل تحسین ہے صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں خصوصاً کرکٹ کے حوالے سے یہ مٹی بڑی زرخیز ہے اس طرح کی سرگرمیاں انتہائی ضروری ہے۔