کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان سمیت کئی بورڈ نے ابتدائی اسکواڈز ترتیب دیتے ہوئےممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔ ان میں نیوزی لینڈ ،افغانستان اور بنگلہ دیش بھی شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابتدائی اسکواڈ کیلئے 20 کھلاڑیوں کے نام آئی سی سی کو بھجوا دیے، تاہم پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے،جن کھلاڑیوں کے نام بھیجے گئے ہیں ان میں ان فٹ اوپنر صائم ایوب کا نام بھی شامل ہیں جن کے بارے میں پی سی بی کو حتمی انتخاب سے قبل ان کی فٹنس کے بارے میں صورت حال بھی واضح ہوجائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ 11 فروری کو حتمی اسکواڈ کے اعلان تک پاکستان سہ فریقی سیریز کے دو میچ بھی کھیل چکا ہوگا۔دوسری جانب صائم ایوب کے بھائی معیز ایوب نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں امید ظاہر کی ہے کہ صائم ایوب فروری کے دوسرے ہفتے سے ٹریننگ کا آغاز کرلیں گے ، اتوار 12جنوری آئی سی سی کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے ابتدائی اسکواڈ جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی، 20 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کھلاڑی سہ فریقی سیریز میں حصہ لیں گے۔ابتدائی اسکواڈ میں کئی ماہ سے نظر انداز فخر زمان اور امام الحق بھی شامل ہیں۔ منتخب پلیئرز میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، بابر اعظم، طیب طاہر، عرفان خان نیازی، سفیان مقیم، محمد حسنین، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، عثمان خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد، کامران غلام، امام الحق، حسیب اللہ، عباس آفریدی اور صائم ایوب شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی نے تین ملکی سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کی فہرست بھی آئی سی سی کو بھجوائی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے حتمی اسکواڈ کیلئے دی گئی 11 فروری کی ڈیڈ لائن تک قومی اسکواڈ میں کئی تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔ تاہم عبداللہ شفیق اور عثمان خان کی شمولیت کے امکانات کم ہیں۔دریں اثنا نیوزی لینڈ نے پاکستان میں سہ فریقی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کیلئے مچل سینٹنر کی قیادت میں ٹیم کا اعلان کردیا ۔ کین ولیمسن، ڈیرل مچل، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری ، ٹام لیتھم اور گلین فلپس ، ول او رورکی، راچن رویندرا، بین سیئرز، نیتھن اسمتھ اور ول ینگ ٹیم کا حصہ ہونگے۔ واضح رہے سہ فریقی سیریز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 فروری کو پاکستان، 10 فروری کو ساؤتھ افریقا سے مقابلہ کرے گی۔ چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کیلئے افغانستان کے 15 رکنی د ستے میں ٹاپ آرڈر بیٹر ابراہیم زدران کی واپسی ہوئی ہے ، مجیب الرحمان باہر ہوگئے ہیں۔ کھلاڑیوں میں حشمت اللہ شاہدی ( کپتان )، رحمت شاہ ( نائب کپتان )، رحمن اللہ گرباز ( وکٹ کیپر )، اکرام علی خیل ( وکٹ کیپر )، ابراہیم زدران، صدیق اللہ اتل، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، گلبدین نائب، راشد خان، اے ایم غضنفر، نور احمد، فضل حق، فاروقی، نوید زدران اور فرید احمد ملک شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش نے میگا ایونٹ کیلئے سابق کپتان شکیب الحسن کو سلیکٹ نہیں۔ 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت نجم الحسین شانتو کریں گے۔ دیگر پلیئرز میں سومیا سرکار، تنذید حسین، توحید حریدوئے، مشفق الرخیم، محمود اللہ، ذاکر علی ، مہدی حسن میراج، رشاد حسین، پرویز ایمان، نسوم احمد، تنظیم حسن، ناہید رانا اسکواڈ میں شامل ہیں۔