اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ہانگ کانگ میں ایشین فنانشل فورم کے موقع پر سروس لانگ مارچ کی قیادت بشمول چینی چیئرمین جن یونگ شینگ اور سی ای او عمر سعید سے اہم ملاقات کی ہے، وزیر خزانہ نے پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی سرمایہ مارکیٹ میں مواقع تلاش کرنے کیلئے سازگار پالیسی فریم ورک کی اہمیت اور سروس لانگ مارچ کی جانب سے ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج پر لسٹنگ کی نیت کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان اس عمل کیلئے ضروری پالیسی سپورٹ فراہم کریگی جو نہ صرف اس فہرست سازی بلکہ دیگر کمپنیوں کیلئے بھی ہے جو بین الاقوامی ایکویٹی کیپٹل ریزنگ کی جانب پیش قدمی کرنا چاہتی ہیں،وزارت خزانہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین جن یونگ شینگ اور سی ای او عمر سعید نے سروس لانگ مارچ کی ترقی کی رفتار اور عالمی کیپٹل مارکیٹس تک رسائی کیلئے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر لسٹنگ کے ممکنہ فوائد پر روشنی ڈالی،گفتگو کے دوران تعاون کے وسیع تر اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں پاکستان کی بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں موجودگی کو بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔