• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبینہ پولیس مقابلہ‘ اغواء اور قتل مقدمہ کا فرار ہونیوالا ملزم ہلاک

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیرودھائی کے علاقہ میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلہ میں تھانہ سٹی کے اغواء اور قتل کے مقدمہ میں پولیس کی حراست سے فرار ہونیوالا ملزم مارا گیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے اپنے خالہ زاد بھائی پرائز بانڈز کے تاجر شیخ محسن اشرف کو اغواء کر کے قتل کرنے کے بعد اسکی لاش کو چربی والے کڑاہ میں جلانے والے سفاک ملزم مہرعلی کو گرفتار کیا تھا جو جسمانی ریمانڈ پر تھانہ سٹی کی حراست میں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مہر علی نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے محسن اشرف مقتول کے موبائل فونز نالہ لئی میں پھینک دیئے تھے۔ ہفتہ 11جنوری کی شام ملزم کو زیر حراست ہمراہی ملازمین اور مقتول کا بڑا بھائی شیخ محمد احسن گوالمنڈی پل کے نزدیک پہنچے تو ملزم نے گاڑی سے اترتے ہی کانسٹیبل فیصل زیب کو دھکا دیا اور ہتھکڑی سمیت گوالمنڈی کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تھانہ سٹی میں ایف آئی آر درج کرگئی جبکہ اتوار کو صبح پونے چار بجے پیرودھائی پولیس سنیپ چیکنگ کیلئے موجود تھی کہ ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ تعاقب پر ملزمان نے چھتی قبرستان کے قریب پولیس پر فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں ہلاک ہو گیا۔ ملزم نے مقتول کے پاس موجود 45لاکھ کے حصول کیلئے قتل کیا جبکہ مقتول کی گاڑی بھی برآمد ہوچکی۔
اسلام آباد سے مزید