نئی دہلی ایئرپورٹ پر سامان سے مگرمچھ کی کھوپڑی برآمد ہونے پر کینیڈین شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک 32 سالہ شخص جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، بھارتی دارالحکومت سے کینیڈا روانہ ہو رہا تھا جب اسے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تلاشی کے دوران روک لیا گیا۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کے سامان میں تلاشی کے دوران ایک کھوپڑی برآمد ہوئی جس کے نوکیلے دانت تھے اور جو مگرمچھ کے بچے کے جبڑے سے مشابہت رکھتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کھوپڑی تقریباً 777 گرام وزنی ہے، جو ایک کپڑے میں لپٹی ہوئی تھی۔
کسٹمز کے مطابق یہ کھوپڑی بھارت کے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت تحفظ یافتہ نسل سے تعلق رکھتی ہے، اور مسافر نے اس قانون اور کسٹمز ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
کھوپڑی کو مزید جانچ کےلیے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق 2011 سے 2020 کے درمیان بھارت کے ہوائی اڈوں پر جنگلی حیات کی ضبطگی کے 141 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 146 مختلف جانوروں کی اقسام شامل تھیں۔ ان میں سب سے زیادہ ضبط شدہ جانوروں میں رینگنے والے جاندار جیسے مگرمچھ، چھپکلیاں، سانپ اور کچھوے شامل تھے۔