اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزراء نے پی آئی اے کو نقصان پہنچانے پر تحریک انصاف کیخلاف تحقیقات کی جائیں گی، ن لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ یہ (پی ٹی آئی) پاکستان کے وہ مجرم ہیں، جن کی وجہ سے پی آئی اے قومی ایئر لائن کا بیڑہ غرق ہوا، ان کے خلاف تحقیقات ہوں گی اور پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کو تباہ کرنے کے الزام میں ان کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ساڑے چار سالوں تک پی آئی اے کا نقصان کیا گیا ہم نے وفاقی کابینہ میں یہ درخواست کی ہے کہ اس کی انکوائری کی جائے انہوں نے کہاکہ بہتر ہوگا کہ اس ادارے کی نجکاری ہوجائے ہمیں امید ہے کہ نئے سرمایہ کار سامنے آئیں گے، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل آگے بڑھے گا، قومی ایئرلائن کو ہونے والے 87ارب روپے کے نقصان کی انکوائری کیلئے کابینہ سے درخواست کی ہے، پیرس فلائٹس کے حوالے سے چلائے جانے والے اشتہار کی انکوائری ہورہی ہے اس سے پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی ہے‘یورپ کے بعد برطانیہ اور امریکا کی فلائٹس بھی جلد شروع ہوجائیں گی‘ پی آئی اے کی نجکاری بہت ضروری ہے تاکہ ائیرلائن میں نئے جہاز آسکیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدرات سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شور شرابا جاری رہا، اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تین سال سے پارٹی الیکشن نہیں کرائے، اور اپنے انتخابی نشان کو چھینے جانے کے لئے اپنی سازش خود تیار کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ انہوں (پی ٹی آئی) نے کہا کہ معیشت درست نہیں ہوئی، میں قائد حزب اختلاف سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کے خیال میں معیشت کی درستگی یہ ہے کہ آپ معیشت کو دیوالیہ کرکے اور آئی ایم ایف کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ کر جائیں جو ملک کی مالی خودمختاری داؤ پر لگا دے تو پھر یہ معیشت کی درستگی آپ ہی کو مبارک ہے۔