• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران سے جیل میں بغیر نگرانی ملاقات مذاکرات کیلئے مددگار ہوگی، عمر ایوب

انصار عباسی
اسلام آباد:…تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے ارکان کی جیل میں بانی چیئرمین عمران خان تک بغیر نگرانی رسائی جاری مذاکراتی عمل کیلئے مددگار ثابت ہوگی۔ گزشتہ اتوار کو بھی عمران خان سے ملاقات کرنے والے اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ عمر ایوب نے دی نیوز سے بات چیت کے دوران بتایا کہ سخت نگرانی میں عمران خان اور ٹیم کے ارکان کے درمیان کھل کر بات چیت ہونا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی فریق کو ان کی قیادت تک ہمہ وقت رسائی حاصل ہے لیکن پی ٹی آئی کو بغیر نگرانی کے ہمہ وقت رسائی نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے مذاکرات کیلئے غیر مساوی ماحول پیدا ہوتا ہے۔ عمر ایوب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی عزم کے باوجود قابل نگرانی کمرے (مانیٹرڈ روُم) میں گزشتہ ملاقات کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ماحول میں مذاکراتی عمل کے منظرناموں پر بات نہیں ہو سکتی۔ اڈیالہ جیل کے اندر نگرانی میں ہونے والی ملاقات کے تناظر میں عمر ایوب نے کہا کہ کمیٹی کے ارکان کو بنیادی طور پر عمران خان کی ہدایات موصول ہوئیں کہ حکومت کے ساتھ بات چیت کیسے کی جائے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کمیٹی نے عمران خان کی سوشل میڈیا پوسٹس کے معاملے پر بات کی، جنہیں حکومت مذاکراتی عمل کیلئے سنگین خطرہ سمجھتی ہے، تو اس پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس معاملے پر بات نہیں ہوئی۔ مذاکراتی عمل کی گزشتہ میٹنگ میں تحریک انصاف کی ٹیم کو حکومت کی ٹیم کی طرف سے یقین دلایا گیا تھا کہ سابقہ تحریک انصاف کی ٹیم کو جیل میں عمران خان تک بغیر نگرانی سہل رسائی کی پیشکش کی جائے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ قیاس کیا جا رہا تھا کہ شاید اسٹیبلشمنٹ سہولت کی اجازت دینے کیلئے تیار نہ ہو، حکومت بحیثیت فریق اپنا وعدہ پورا کرنے میں بے بس نظر آئی۔ یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ جیل میں عمران خان سے پی ٹی آئی ٹیم کی ملاقات میں تاخیر اور نگرانی کی وجہ عمران خان کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ تھی جس میں آرمی کی اعلیٰ کمان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید