کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کیلئے پاکستان آئیں گے۔ وہ کراچی میں چند گھنٹے قیام کے بعد دبئی روانہ ہوجائیں گے۔ افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں ہو گا۔ اس سے پہلے افتتاحی کیلئے 16 یا 17 فروری کی تاریخ تجویز کی گئی ہے، آئی سی سی کو اس کی حتمی منظوری دینا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما افتتاحی تقریب، فوٹو سیشن اور کپتانوں کی پریس کانفرنس میں شامل ہوں گے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم پر امید ہیں کہ تمام 8 کپتان کراچی میں ہوں گے۔ کراچی ہی میں کچھ وارم اپ میچ بھی ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی تیاریاں جاری ہیں ،بورڈ نے آئی سی سی کو خط میں روہت شرما یا بھارتی ٹیم کا ذکر نہیں کیا ہے۔ خیال رہے کہ2023میں بابر اعظم حیدرآباد دکن سے پرائیویٹ جیٹ پر پریس کانفرنس اور فوٹو شوٹ کیلئے احمد آباد گئے تھے۔ جبکہ2019میں سرفراز احمد ہیلی کاپٹر پر ناٹنگھم سے بکنگھم پیلس گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت یا کسی اور ملک سے نہیں، براہ راست آئی سی سی سے رابطے میں ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کو یادگار بنانے کیلئے کئی پلان بنائے ہوئے ہیں، منصوبوں میں شائقین کرکٹ کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اعلان جلد کیا جائے گا۔ آئی سی سی تاریخوں کا جائزہ لے افتتاحی تقریب کیلئے تاریخ تجویز کریگا۔ ذرائع نے کہا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو مطلع کیا ہے کہ افتتاحی تقریب پاکستان میں ہوگی۔ میزبان ملک کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام کھلاڑیوں، آفیشلز، کمرشل پارٹنرز، میڈیا اور تماشائیوں کو ویزا فراہم کرے۔ پی سی بی اس ذمہ داری کو پورا کرے گا۔