اسلام آباد (طاہر خلیل) قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز نے نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لئے پارلیمانی کمیٹی جلد از جلد تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔قومی اسمبلی اور سینٹ کے قائدین حزب اختلاف نے سپیکر اور چیئرمین سینٹ کو خطوط بھجوا دیئے اطلاعات کے مطابق عمر ایوب نے اس ضمن میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 215 (1) کے تحت موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت 26 جنوری کو ختم ہورہی ہے۔ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لئے پارلیمانی کمیٹی جلد از جلد تشکیل دی جائے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ کمیٹی کے قیام سے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی بروقت ہوجائے گی۔