اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کا اجلاس مسلسل اپوزیشن کے احتجاج کی نذر‘اپوزیشن نے ایجنڈے اور وقفہ سوالات کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں اڑا دیں‘حزب اختلاف کی جانب سے کورم کی نشاندہی ‘ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ کواجلاس کی کارروائی کچھ دیر کیلئے روکنا پڑی ۔جمعرات کو ایوان زیریں میں وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑکی تقریر کے دوران اپوزیشن نے احتجاج اورشورشرابہ شروع کردیا‘ اپوزیشن کی جانب سے اووو، اووو کی آوازیں لگاناشروع کر دیں، اپوزیشن نے نعرے بھی لگائے اورڈیسک بھی بجائے جاتے رہے‘ لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی‘بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بھی نعرے لگائے گئے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما آغا رفیع اللہ نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف ویڈیو بنانی ہوتی ہے‘ ان کے ورکرز ان کو گالیاں دے رہے ہیں‘ سڑکوں پر یہ ورکرز کو چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔