کراچی،لاہور،اسلام آباد (نیوزڈیسک… فاروق اقدس )مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی تارکین وطن کی کشتی مراکش میں حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں 44 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
مراکشی حکام کا کہنا ہے کہ کشتی سے 36 افراد کو بچایا گیا ہے جو 2 جنوری کو افریقی ملک موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں 86 تارکین وطن سوار تھے جن میں 66 پاکستانی بھی شامل تھے، وزیراعظم شہباز شریف نے کشتی کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی،وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے متاثرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنیکی ہدایت کردی۔
وزارت خارجہ میں کرائسس مینجمنٹ یونٹ (سی ایم یو) فعال ، سفارت خانے کی ٹیم مدد کیلئے روانہ کردی گئی۔
ورثاء نے انسانی سمگلروں پرقتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ مرنیوالے12نوجوان گجرات کے رہائشی تھے،4 ماہ قبل یورپ کیلئے روانہ ہوئے،کشتی دو جنوری کو روانہ ہوئی، پیسے نہ ملنے پرکشتی کوسمندر میں کھڑا کردیا گیا اورانسانی ا سمگلروں نے مزید پیسوں کا مطالبہ کیا،پاکستان نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ اسپین جانے کی کوشش میں حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کے واقعے میں متعدد پاکستانی بھی شامل ہیں۔