کراچی( ثاقب صغیر )کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی قافلے پر حملہ کرنیوالے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے سے ملنے والے نمونے ان کے ڈی این اے سے میچ کر گئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق چینی قافلے پر خودکش حملے کی تیاری ضلع ایسٹ کے پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود پرانی سبزی منڈی میں کی گئی تھی۔ دہشت گردوں نے پرانی سبزی منڈی میں 8 ماہ سے فلیٹ لے رکھا تھا جسے انہوں نے اپنا خفیہ ٹھکانہ بنا رکھا تھا۔اس ٹھکانے میں میں دہشت گرد طالب علم بن کر رہ رہے تھے۔پولیس کی جانب سے سہولت کاروں کے خفیہ ٹھکانے کو سیل کردیا گیا تھا۔ فلیٹ سے ائیر پورٹ کا نقشہ،ڈی این اے سیمپلز ، دھماکا خیزمواد کے ذرات،کپڑے اور بال ملے تھے سی ٹی ڈی کے مطابق تین ملزمان جن میں خود کش حملہ آور فہد شاہ، خاتون ملزمہ گل نساء اور جاوید شامل ہیں جن کے ڈی این اے ان کے ٹھکانے سے لیے گئے نمونوں سے میچ کر گئے ہیں جس سے ان کی وہاں موجودگی ثابت ہو گئی ہے ۔ذرائع نے کہا کہ گرفتار ملزمہ دو مرتبہ فلیٹ پر آئی تھی، 12 ہزار روپے میں2 کمروں کا فلیٹ کرائے پر لیا گیا تھا اور مرکزی سہولت کار سمیت ملزمان 8 ماہ سے اس فلیٹ میں رہائش پذیر تھے۔گرفتار ملزمہ اور ملزم سے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔ خودکش دھماکے کی ذمے داری بی ایل اے نے قبول کی تھی ۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا تھا جس میں قتل، اقدام قتل، خودکش حملے، دھماکا خیزمواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔واضح رہے کہ کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے خودکشی حملے میں بھی ملزمان نے اسی طرح سے دہلی کالونی میں فلیٹ کے رکھا تھا جسے انہوں نے اپنا خفیہ ٹھکانہ بنایا ہوا تھا۔