کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کپتان روہت شرما کی چیمپئنز ٹرافی کی تقریب کے لیے پاکستان آمد کے معاملے پر بھارتی میڈیا بے چین ہورہا ہے، بھارتی میڈیا نےاب نئی شر انگیزی کرتے ہوئے کہا کہ روہت شرما افتتاحی تقریب اور کپتانوں کی میٹنگ کیلئے پاکستان نہیں جائیں گے۔ بھارتی بورڈ کسی صورت پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش پوری نہیں کرے گا، بھارتی ٹیم کی عدم موجودگی میں افتتاحی تقریب اور کپتانوں کی ملاقات کو محدود رکھا جائے گا۔سیکرٹری بھارتی بورڈ دیواجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ہمیں ایسی کوئی تجویز نہیں ملی ۔ نہ ہی ایسی کوئی بات آئی سی سی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا حصہ رہی ہے، بھارت کو حل کیلئے کوئی سمجھوتے کا فارمولا نکالنا پڑے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق میزبان ہونے کی وجہ سے پاکستان کو اس صورتحال کا فائدہ پہنچے گا۔ واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل تمام کپتانوں کا روایتی میڈیا سیشن پاکستان میں ہو گا اور ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کا بھی انعقاد ہو گا۔