پشاور(وقائع نگار) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی عوامی ایجنڈا کے تحت پشاور کے تمام مسافروں اڈوں کی حالت زار ہنگامی بنیادوں پر بہتر کی جائے، مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر ممکن آسانی فراہم کی جائے، مسافر اڈوں میں تعینات کرپٹ اہلکاروں کو فوری طور پر فارغ کیا جائے، تمام مسافر اڈوں میں ایمان دار اور اچھی شہرت کے حامل ملازمین تعینات کئے جائیں، سرکاری مقررہ کرایہ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، ناکافی بنیادی سہولیات والے مسافروں اڈوں کی لسٹ 24 گھنٹوں میں مرتب کی جائے، مسافروں کو فوری ریلیف کی فراہمی اور سرکاری کرایہ نامہ کو حقیقی طور پر نافذ عمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے سفارشات مرتب کرکے 21 جنوری کو پیش کریں یہ احکامات کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے مسافر اڈوں کی حالت زار بہتر بنانے اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور سمیت محکمہ ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس، کیپٹل میٹرو پولیٹن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر پشاور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے مسافروں کو فوری طور پر ریلیف کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے 21 جنوری بروز منگل کو دوبارہ اجلاس طلب کرلیا