کراچی( اسٹاف رپورٹر )گارڈن حسن لشکری محلہ سے اغوا ہونے والے دونوں بچوں کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔ 14 جنوری کو لاپتہ ہونے والے دو بچوں کے اہلخانہ نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ہمارے بچوں 5 سالہ علیان عرف علی اور 6 سالہ علی رضا کو جلد سے جلد بازیاب کرایا جائے۔ ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے رات گئے بچوں کی بازیابی کے لیے کامبنگ اینڈ سرچ آپریشن کیا۔آپریشن ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کی سربراہی اور ایس ڈی پی او گارڈن کی نگرانی میں کیا گیا۔سرچ آپریشن میں ایس ایچ او گارڈن، ایس ایچ او نبی بخش، کلاکوٹ، چاکیواڑہ، کلری کے علاوہ خواتین پولیس اہلکاروں سمیت پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔