اسلام آباد، سیالکوٹ (رانا غلام قادر، ایجنسیاں) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا میگا کرپشن اسکینڈل ہے، یہ اوپن اینڈ شٹ کیس تھا، انصاف کا بول بالا ہوا ہے، عمران خان رحم کی اپیل کریں تو معافی دلواسکتا ہوں، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا چور چور کہنے والے خود ڈاکو نکلے، چوری کا مال ہڑپ کرنے کیلئے واردات ہورہی تھی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا سزا میرٹ اور قانون کے مطابق ہے، دوسری جانب پی ٹی آئی نے احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کیا، اپوزیشن اراکین نے اووو اووو اور عمران کو رہا کرو کے نعرے لگائے، ایجنڈے کی کا پیاں پھاڑی دیں اور ایوان سے واک آؤٹ کر گئے، بعدازاں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور دیگر رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت کافیصلہ متنازع، انصاف کے اصولوں کے منافی ہے، آج کا دن عدالتی تاریخ کا سیاہ دن ہے، فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے، بانی سرخرو ہوکر جیل سے باہر آئینگے، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ مایوس نہیں ہونا سب کچھ ٹھیک ہو جائیگا، خان صاحب نے کہا ہے مذاکرات کا عمل جاری رہے گا۔