اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)چیئرمین مسلم انسٹی ٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا ہے کہ اولیا کی تلقین کے مطابق رسول پاکؐ اور حضرت علی ؓکی محبت و تعظیم زندگی کے ہر پہلو میں شامل ہونی چاہیے۔ حضور پاکؐ کا ادب و تعظیم صحابہ اکرام، اہل بیت، تابعین اور اسلاف کا شعار تھا۔ اولیاء کرام کے طریقِ تربیت میں آقا پاکؐ حضرت علی ؓ اور صحابہ اکرام رضوان اللہ تعالی اجمعین کا ادب و احترام سکھایا جاتا ہے جو نو آبادیاتی دور سے پہلے تک ہمارے معاشرے کا طرہ امتیاز تھا- آج پھر ہمیں نوآبادیاتی دور میں پیدا ہونے والی شدت پسندانہ سوچ سے نکل کر صوفیائے کرام کے امن و محبت کے پیغام پہ عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ یہ تعظیم و محبت اس دنیا، برزخ وآخرت میں انسان کی نجات کا ذریعہ ہے۔اتوار کو دربارِ عالیہ حضرت سخی سلطان باھوؒ سے وابستہ اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کے تحت سالانہ "میلاد مصطفےؐ و حق باھوؒ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ایک نصاب سرمایہ دارانہ نظام کا ہے جو سرمائے سے محبت سکھاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشف المحجوب سے لیکر جاوید نامہ تک ہماری روایت کی تمام کتابیں بیان کرتی ہیں کہ اصلِ ایمان حضورؐ اور حضرت علی ؓ سے محبت اور تعلق ہے ۔ ہمیں اپنی تاریخ اغیار کی نظر سے نہیں بلکہ اپنی نظر سے پڑھنے کی ضرورت ہے۔