راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے ) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں حضور نبی کریم ؐ کے ماہانہ میلاد پاک بارہویں شریف کے موقع پرعظیم الشان یومِ علی ؓ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین مذہبی و روحانی پیشوا پیر نقیب الرحمن نے کی جبکہ پیر سید مظفر حسین شاہ قادری کراچی سے خصوصی طور پر اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ کانفرنس سے اپنے خصوصی خطاب میں قبلہ پیر حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ یہ ربِ رحمن کا ہمارے اوپر خصوصی کرم ہے کہ اس نے اپنے پیارے حبیب ؐاہلِ بیتِ اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین، انبیاء علیہ السلام اور اولیاء و اتقیائے امتؒ کی محبت و مودت ہمیں عطا فرمائی اور ان حضرات کے فضائل و مناقب بیان کر کے اپنا دین و دنیا سنوارنے کا موقع عطا فرمایا۔ حضور نبی کریم ؐکے پیارے و عظیم صحابی حضرت علی ؓوہ عظیم ہستی ہیں جن کے متعلق حضور نبی رحمت ؐفرماتے ہیں کہ میں علم کا شہر ہوں اور ایک موقع پر ارشاد فرمایا کہ میں حکمت کا شہر ہوں اور علی ؓ اس کا دروازہ ہیں۔