اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ) فپواسا پاکستان کے صدر ڈاکٹر امجد عباس مگسی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد عزیر نے ایف بی آر کی جانب سے کل وقتی اساتذہ کیلئے 25 فیصد ٹیکس چھوٹ کو منسوخ کرنے کیلئے جاری کئے گئے حالیہ خطوط پر گہری تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے خطوط غیر منطقی ہی نہیں بلکہ غیر قانونی بھی ہیں، کیونکہ ایف بی آر پارلیمنٹ سے منظور شدہ فیصلوں کو اپنی مرضی سے منسوخ نہیں کرسکتی۔ خیال رہے کہ 25 فیصد ٹیکس چھوٹ برقرار رکھنے کا باضابطہ اعلان 28 جون 2024ء کو بجٹ تقریر کے دوران خود فیڈرل فنانس منسڑ نے کیا تھا اور اسے قومی اسمبلی کی کارروائی کا حصہ بنایا گیا تھا۔ مزید یہ کہ اساتذہ اور محققین کو ملنے والی 25فیصد ٹیکس چھوٹ 2022ء‘ 2023ء اور 2024ء کے انکم ٹیکس مینوئل کا بھی حصہ ہے۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اپیل کی کہ ایف بی آر کو یہ بلاجواز خطوط واپس لینے کے احکامات جاری کریں بصورت دیگر فپواسا پاکستان کے پاس ملگ گیر احتجاج کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہوگا۔