• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نالہ لئی کے کناروں پر قائم جھگیوں و تعمیرات کیخلاف آپریشن ، 264مسمار

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)نالہ لئی کے کناروں پر آپریشن کرکے264 جھگیاں ،غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچے منہدم کردئیے گے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی حاکم خان کی سربراہی میں آپریشن گوالمنڈی پل سے ڈھوک نجو پل اور کٹاریاں پل تک کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی حاکم خان نے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک تحصیل سٹی میں ناجائز قبضوں کے ساتھ23بازاروں اور سڑکوں پر تجاوزات کے خلاف بھی کاروائی کی گئی۔جس کے دوران 141ٹرک سامان بھی ضبط کیا گیا۔1963 ٹھیلےپکڑے گے۔پارکنگ جگہوں اور سڑکوں کے ساتھ نصب523عارضی ڈھانچے توڑے گے۔ جبکہ 197گھروں اور دوکانوں کے باہر غیر قانونی تعمیر شدہ رکاوٹوں کو ہٹایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بازار تلواڑاں،موتی بازار،موچی بازار وغیرہ میں لٹکتی ہوئی بجلی اور پی ٹی سی ایل کی تاروں کو بھی درست کرایا گیا ہے۔آپریشن میں آئسیکو اور پی ٹی سی ایل کی ٹیمیں بھی ساتھ شامل تھیں۔دوکانوں کے آگے لین مارکنگ کی جارہی ہے۔حدود سے تجاوز کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی حاکم نے کہا کہ تحصیل سٹی میں تجاوزات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔اور جو ایک مرتبہ تجاوزات ہٹانے کے باوجود دوبارہ تعمیر کریں گے تو ان کے خلاف مقدمات کا اندارج کرایا جائے گا۔
اسلام آباد سے مزید