اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میڈیا اور معاشرے میں مثبت روابط اور فلاح و بہبود کے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کیلئے پارلیمنٹ، حکومت اور میڈیا کے درمیان شراکت داری بہت ضروری ہے 10 ویں سالانہ میڈیا کرکٹ لیگ 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کر تےہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے میڈیا ہاؤسز کی معاونت قابل ذکر ہے اس پورے عمل سے ایک باہمی تعاون اور صحتمند ماحول کو فروغ دینے کیلئے اجتماعی کوششیں دیکھنے کو ملیں ، انہوں نے جنگ میڈیا گروپ کو گزشتہ ایک دہائی سے کامیابی کیساتھ اس فلیگ شپ ایونٹ کے انعقاد پر سراہ ، وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے جنگ گروپ کے زیر اہتمام میڈیا کرکٹ لیگ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کھیلوں کے میدانوں کو آباد رہنا چاہئے، چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں یہ سال پاکستان کی کامیابیوں کا سال ہے سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہےمعیشت بہتری کی جانب گامزن ہے 8 فروری کا دن تعمیر و ترقی کے طور پر منائیں گے ہائی اچیورز کو بلا کر ایوارڈ دیئے جائینگے،وزیر اطلاعات نے اس طرح کے مزید ٹورنامنٹس کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیپ بال ٹورنامنٹ کے باعث وفاقی دارالحکومت میں رونق لگی رہی وفاقی وزیر نے بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر جنگ میڈیا گروپ اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کھیلوں اور سپورٹس مین سپرٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے عطاءاللہ تارڑ نے کہا یہ سال پاکستان کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوا ہے ہم ڈیفالٹ کے دہانے سے ترقی کی طرف بڑھے ہیں۔