اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف کے قومی اسمبلی میں آنے تک بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس وقفہ سوالات کے دوران ہی سنی اتحاد کونسل (تحریک انصاف) کے ایک رکن کی طرف سے ایوان میں کورم نہ ہونے کی نشاندہی کرنے پر ملتوی کردیا گیا جس کے بعد اجلاس دوبارہ شروع نہیں ہوسکا۔ پیر کی شام قومی اسمبلی کا اجلاس کم و بیش ایک گھنٹہ کی تاخیر سے شروع ہوا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے زوردار احتجاج کیا وہ عمران خان کی رہائی کے لئے نعرے لگارہے تھے اس کے ساتھ ہی وہ اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے ایجنڈے کی کاپیوں سے ڈیسکوں کو زور زور سے پیٹنا شروع کردیا۔