• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرق وسطیٰ، 2 بینکوں سے ایک ارب ڈالر، 6 تا 7 فیصد شرح سود قرض پر اتفاق ہوگیا، 2028ء تک 6 فیصد شرح نمو حاصل ہوجائے گی، وزیر خزانہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ 2028ء تک پائیدار اور برآمدات پر مبنی 6فیصد شرح نمو حاصل کی جائیگی‘پاکستان رواں مالی سال میں 13ہزار ارب روپے ٹیکس محصولات جمع کریگا جو گزشتہ سال سے 40 فیصد زیادہ ہے‘پاکستان نے 1 ارب ڈالر کے قرضہ کے لیے مشرق وسطیٰ کے دو بینکوں کے ساتھ 6سے لیکر7فیصد کی شرح سودپر شرائط طے کر لی ہیں‘پاکستان نے معاہدہ کی شرائط پراتفاق کیا ہے جن میں سے ایک دوطرفہ قرضہ اور دوسرا تجارتی (فنانس) کے لیے ہے‘یہ قرضے قلیل المدتی ہیں جن کی مدت ایک سال تک ہوگی۔ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پربرطانوی خبررساں ادارہ کو انٹرویومیں وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈسہولت معاہدے کا پہلا باقاعدہ جائزہ فروری کے آخر تک متوقع ہے اورہمیں امیدہے اس جائزے کے لیے پاکستان کی صورتحال بہترہے ۔ پاکستان ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ سنگل بی ریٹنگ کی جانب بڑھنے پر تبادلہ خیال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں اس میں بہتری آئے گی‘اس حوالے سے ہماری جانب سے کیے گئے اقدامات رواں مالی سال کے ختم ہونے سے پہلے مکمل ہوسکتے ہیں۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ فروری کے آخر میں 7 ارب ڈالر کے قرض معاہدے کے پہلے جائزے پر بات چیت ہوگی‘پاکستان نے اس جائزے کے حوالے سے پیشگی اقدامات کیے ہیں، ہم نے بہترین معاشی اصلاحات کی وجہ سے ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی‘ ہماری کاوشوں کے مثبت اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید