کراچی (عبدالماجد بھٹی) ان خدشات کے بعد کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اوپنر صائم ایوب کی شرکت مشکوک ہے۔ قومی سلیکٹرز ان کی جگہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو آزمانے پر غور کررہے ہیں، لیکن اس کا انحصار ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ میں شان مسعود کی کارکردگی پر ہے جبکہ امام الحق بھی ایک آپشن ہیں۔ شان مسعود نے 9ون ڈے انٹر نیشنل میچز میں ایک نصف سنچری کی مدد سے 163رنز18کی اوسط سے بنائے ہیں۔ شان نے آخری بار نیوزی لینڈ کے خلاف2023 میں ون ڈے میچ کھیلا تھا۔ فخر زمان کی ٹیم میں واپسی یقینی ہے۔ شاداب خان کی شمولیت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبداللہ شفیق کی خراب کارکردگی کے بعد سلیکٹرز ون ڈے فارمیٹ میں صائم ایوب کی جگہ شان مسعود کو موقع دینے پر غور کررہے ہیں۔ کیوںکہ وہ پچاس اوور کی کرکٹ میں لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایک ہفتے میں سلیکٹرز پاکستان میں ہونے والی تین قومی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کریں گے۔ ممکنہ طور پرتین ملکی سیریز کھیلنے والی پاکستانی ٹیم ہی چیمپئنز ٹرافی میں شریک ہوگی۔ صائم ایوب اس ماہ کے آخر تک انگلینڈ میں رہیں گے جہاں میڈیکل پینل کی ہدایت پر ان کا ری ہیب بھی جاری ہے ۔ فروری کے شروع میں ان کی وطن واپسی ہوسکتی ہے لیکن انہیں کرکٹ میں واپس لانے کیلئے جلد بازی سے گریز کیا جارہا ہے۔ شان مسعود انگلش سیزن کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ون ڈے کرکٹ کھیلتے ہیں ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیمپئنز ٹرافی کیلئے سلیکٹرز کے درمیان ون ڈے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ سے آؤٹ آف فارم عبداللّٰہ شفیق اور عثمان خان کے ڈراپ ہونے کا امکان ہے۔ امام الحق اور حسیب اللہ کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ محمد رضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، طیب طاہر اور عرفان خان کی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، حارث رؤف، کامران غلام، ابرار احمد اور سفیان مقیم بھی اسکواڈ کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کی تمام ٹیموں نے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پاکستان بھی آئی سی سی کو ابتدائی اسکواڈ کے نام بھجوا چکا ہے۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کیلئے 11 فروری تک حتمی اسکواڈ کا لازمی اعلان کرنا ہے۔ پاکستان، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو ہو گا۔