• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام ٹیموں کی کٹ پر ’’لوگو‘‘ کا استعمال لازمی ہے، آئی سی سی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کٹ نہیں ملی۔ تمام ٹیموں کی کٹ پر آئی سی سی کا منظور شدہ لوگو استعمال ہوگا، اس کا استعمال لازمی ہے ۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا دعوی کررہا ہے کہ بھارتی ٹیم لوگو پر پاکستان کا نام ہٹا دے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ٹیمیں پلیئنگ اورٹریننگ کٹس آئی سی سی کومنظوری کیلئے بھیجتی ہیں۔’’لوگو‘‘ کا درست استعمال نہ ہونے پر آئی سی سی کٹ کو مسترد کر دیتی ہے۔’’لوگو‘‘ کا درست استعمال نہ کرنا کلودنگ اینڈ ایکوپمنٹ ریگولیشن کی خلاف ورزی ہوگی ۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین ہے کہ عالمی باڈی اپنے قوانین پرعمل درآمد کرائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مبینہ طور پر بھارت نے شرٹ پر پاکستان کا نام لکھنے سے انکارکردیا ہے۔ گزشتہ برس ایشیا کپ کے موقع پربھی تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے ’’لوگو‘‘ پرمیزبان پاکستان کا نام درج نہ کرنے کی منظوری دی تھی۔ بھارتی ٹیم کی کٹ پر پاکستان کا نام تحریر نہیں تھا۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ بھارتی کپتان روہت شرما ٹورنامنٹ سے قبل پریس کانفرنس اور فوٹو شوٹ کیلئے پاکستان آئیں گے لیکن اس متعلق آئی سی سی خاموش ہے۔

اسپورٹس سے مزید