کراچی ( اسٹاف رپورٹر) معروف کمپنی پاکستان انجینئرنگ کمپنی (PECO)کی بحالی کے لئے بڑی پیش رفت،تفصیلات کے مطابق پاکستان انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ (پیکو ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور 5سال سے التوا کے شکار مالیاتی اکاؤنٹس کی منظوری دی ہے، جوا س کے شیئر ہولڈرز کے عام اجلاس میں 17؍فروری 2025ء کو پیش کیئے جائیں گے ، سابق منیجنگ ڈائر یکٹر (ایم ڈی) معراج انیس عارف کے زیرِ انتظام تباہ کن انتظامی غفلت نےکمپنی کو تباہی کے دہانے تک پہنچادیا، اور مالی خسارہ 1.2 ارب روپے سے تجاوز کرگیا، واضح رہے کہ معراج انیس عارف، کو 2022میںوزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم حکومت کی مداخلت سے ہٹایا گیا، اور منتخب بورڈ کی بحالی کے بعد، اہم امور کی طرف پیش رفت جاری ہے، ۔ سابق ایم ڈی نہ صرف وزارت صنعت و پیداوار ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) اور وزارت قانون کے ہدایات کو نظرانداز کرتے رہے ، بلکہ انہوں نے بورڈ آف ڈائر یکٹرز کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے بھی روکنے کی کوشش کی ۔ 2018میں ، معراج انیس عارف نے بورڈ کے ارکان کو کمپنی کے دفاتر میں داخل ہونے سے روک دیا اور PECOکے بینک اکاؤنٹس کو قانونی اختیار کے بغیر، صرف ایک دستخط کے ساتھ چلایا۔