کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی میڈیا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیخلاف نت نئی کہانیاں بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہا ہے۔ اس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی کٹ پر پاکستان کے نام پر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا نے ٹیم جرسی سے متعلق اعلان کیا ہے کہ ہم آئی سی سی قوانین پر مکمل عمل کریں گے۔ چیمپئنز ٹرافی2025کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کی جرسی پر ایونٹ کے لوگو میں پاکستان کا نام لکھا ہوگا۔ پاکستان کا نام بھارتی کرکٹرز کے سینے پر چمکے گا۔ خیال رہے کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق تمام ٹیموں کیلئے منظور شدہ ’’لوگو‘‘ استعمال کرنا لازمی ہے۔ تمام ٹیمیں پلیئنگ اور ٹریننگ کٹس آئی سی سی کو منظوری کیلئے بھیجتی ہیں، ’لوگو‘ کا درست استعمال نہ ہونے پر کٹ کو مسترد کردیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران آئی سی سی کو بھی یاد دلایا تھا کہ وہ اپنی پالیسیوں پر سختی سے عمل کرائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی غیر ضروری تنازع نہ ہو۔ آئی سی سی قانون کے مطابق ’لوگو‘ کا درست استعمال نہ کرنا ریگولیشن کی خلاف ورزی ہوگی۔ قبل ازیں بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام نہیں لکھا ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے تمام ایونٹس میں شرکت کرنے والی ٹیمیں آئی سی سی کی ہدایات پر عمل کرتی ہیں۔خیال رہے پاکستانی کھلاڑیوں نے ورلڈکپ 2023کی شرٹس پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا اس ایونٹ کے لوگو میں بھارت کا نام شامل تھا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی سی بی کے ایک عہدیدار نے بھارتی کپتان روہت شرما کو چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں پاکستان نہ بھیجنے کے مبینہ فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تاہم بی سی سی آئی نے اب تک نہ تو روہت شرما کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا ہے اور نہ ہی تصدیق کی ہے ۔ واضح رہے کہ کسی بھی آئی سی سی ایونٹ سے پہلے تمام شریک ٹیموں کے کپتانوں کا میزبان ملک میں فوٹو شوٹ ہوتا ہے۔ آخری بار چیمپئنز ٹرافی2017میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔