پشاور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قاضی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کو نوجوان صحافیوں نے مہم کے طور پر عام لوگوں تک پہنچانا ہے۔ وہ صحافت و ابلاغیات کی طالبات کیلئے منعقدہ پانچ روزہ قومی ورکشاپ کی رسمی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرپرسن ڈاکٹر مہناز گل، سینئر صحافی ناصر حسین اور کوآرڈی نیٹر ایونٹ علی عمران بھی موجود تھے۔ پروفیسر محمد نعیم قاضی نے کہا کہ پاکستان کیلئے سب کو جہدوجہد اور بیرونی بیانیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔ وی سی جامعہ پشاور نے طالبات سے خصوصی طور پر کہا کہ ہر خبر بریک کرنے کا سلسلہ تھمنا چاہئے اور صحافیوں کی باتیں بھی رائے عامہ بناتی ہیں لہٰذا حق بات کیلئے آواز اٹھائیں۔